مانیں یا مت مانیں چچی
بات ہے میری بالکل سچی
وہی کہانی بڑی پُرانی
شروع کریں گی مجھے سُنانی
دور کہیں خوش حال نگر میں
ایک تھا راجا ایک تھی رانی
جنگل میں اک دیو تھا کالا
ایک تھی جادوگرنی کانی
لے گئے دونوں شہزادی کو
چھُٹ گیا اس کا دانہ پانی
کوئی ان سے جیت نہ پایا
بڑے بڑوں کی مرگئی نانی
اِک چرواہے کے بیٹے نے
دکھلائی اپنی جولانی
اُن دونوں کو جان سے مارا
مار کے کردی ختم کہانی
آپ سمجھتی ہیں کہ جیسے
میں بھی ہوں اک بدھو بچی
مانیں یا مت مانیں چچی
بات ہے میری بالکل سچی
کالی ہوگئیں میری راتیں
سُن سُن کر یہ بور سی باتیں
کوئی جادوگرنی دیکھی
اور نہ دیکھیں دیو کی گھاتیں
چرواہا بھی ملا نہ کوئی
کہاں ہیں ایسی ذاتیں پاتیں؟
”شاہ“ تو بس شطرنج میں ہے اب
وہ بھی کھا جاتا ہے ماتیں
ملکہ؟ ہاں اک لندن میں ہے
پر وہ کہاں پچھلی اوقاتیں
شہزادی بھی ہے تو سہی پر
کہاں ہیں جنگل دیو کی باتیں
چچا سے گر پوچھوا دوں میں
ہو جائے گی آپ کی کچی
مانیں یا مت مانیں چچی
بات ہے میری بالکل سچی