ساتھی میں موجود مواد بچوں کی اُردو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف طریقوں سے معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ اسی لیے اساتذہ ساتھی کو بچوں کی معلومات میں اضافے کے علاوہ ان کا شوق مطالعہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔
مزیدار کہانیاں اور نظمیں
مختلف اقسام کی کہانیاں اور نظمیں بچوں کے لیے ذخیرہ الفاظ اور زبان کی فصاحت کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ان کہانیوں سے بچوں کی نہ صرف کرادار سازی ہوتی ہے بلکہ شوق مطالعہ اور مثبت انداز میں سوچنے کی عادت بھی پروان چڑھتی ہے۔
سائنسی تجربے
اپنے ماحول سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے جہاں معلومات اہم ہوتی ہیں وہیں سائنسی تجربے بچوں میں سیکھنے کا شوق بھی پیدا کرتے ہیں۔ سائنسی تجربے ساتھی کے مستقل سلسلوں میں شامل ایک دلچسپ سلسلہ ہے۔
عالم سلام کی شاہکار مساجد
یہ صفحہ دنیا بھر کی مختلف خوبصورت اور تاریخی مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش سے متعلق معلومات پر مبنی ہوتا ہے جس کا مقصد طلبہ میں اسلامی ثقافت کی پہچان اور تاریخ سے شناسائی فراہم کرنا ہے ۔
اسلامی مضامین
صحابہؓ وصحابیاتؓ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ یقینا اچھے کردار اور اچھے ذہن کے مالک بننے کے لےے صحابہؓ کی زندگی ہمیں مختلف پہلوﺅں سے رہنمائی فراہم کرتی ہے اور اسی کے پیش نظر اس سلسلے کو فروغ دیا گیا ہے۔
 آپ کی تخلیق
بچوں میں لکھنے کی صلاحیت کو پروان چڑھانے کے لیے ساتھی میں ہر ماہ نئے لکھاریوں کے لیے” آپ کی تخلیق“ کا سلسلہ شامل ہوتا ہے۔ جس میں بچوں کی تخلیق کردہ کہانیاں اور نظمیں شامل اشاعت ہوتی ہیں۔
جانوروں کی دنیا
جانور ہمارے ماحول کا اہم ترین حصہ ہیں۔ جانوروں سے متعلق دلچسپ معلومات پر مبنی مضامین بچوں کو ان جانوروں کی عادات اور ان کے ماحول سے آگاہی دیتے ہیں۔
کارٹون کہانیاں
بچوں میں چھوٹی عمر سے ہی مطالعہ کا شوق پیدا کرنے کے لیے مختصر جملوں پر مشتمل کارٹون کہانیاں خاص اہتمام سے شائع کی جاتی ہیں جو کہ نا صرف ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ساتھ ساتھ بچوں کے اخلاق کو سنوارنے کے لیے سبق آموز بھی ہوتی ہیں۔
آپ کی نگارشات
بچوں میں ادبی ذوق پیدا کرنے کے لیے چھوٹے بچوں کے لیے یہ سلسلہ باقاعدگی کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے۔ جس میں بچوں کے ارسال کی ہوئی نظمیں اور کہانیاں شامل اشاعت ہوتی ہیں۔
شکاریات سراغ رسانی کی داستانیں:
عہد بلوغت کے طلبہ میں ذوق مطالعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف نوعیت کی شکاری مہم، مہم جوئی یا سراغ رسانی پر مبنی داستانیں ساتھی کا اہم حصہ ہیں۔ ان داستانوں کے ذریعے طلبہ کا ذوق مطالعہ پختگی کی جانب گامزن ہوتا ہے۔
لڑکیوں کے لیے خاص کہانیاں
اُمور خانہ داری میں لڑکیوں کو طاق کرنے اور اُنھیں سگھڑ بنانے کے لیے خاص کہانیوں، مضامین کی اشاعت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ذرا کھلکھلائیے !
مزاح انسانی نفسیات پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔ جہاں لطائف کے ذریعے انسان کی شخصیت میں لطافت کا عنصر پروان چڑھتا ہے، وہیں اس کے ذریعے مزاح کا اچھا ذوق بھی مقصود ہوتا ہے۔ اسی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ساتھی میں لطائف کا انتخاب بہت احتیاط کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
دل پہ دستک
علامہ اقبال نے قرآن مجید کے پیغام کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کے لیے عام کیا ہے۔یہ سلسلہ اقبال کی شاعری کو آسان انداز میں بچوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔
تاریخ کی کھوج
بچوں کی تاریخی معلومات کو بڑھانے اور ان کی اردو کو بہتر بنانے کے لیے سوالات پر مشتمل یہ مقابلہ دیا جاتا ہے جس میں حصہ لے کر بچے بہت سی معلومات سے مستفیض ہوتے ہیں اور بچے صحیح جواب دے کر انعام بھی حاصل کرتے ہیں جو کہ ان کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتا ہے۔
اُردو زبان ہماری
اُردو زبان کے حوالے سے اطہر ہاشمی کا خاص مضمون شامل کیا جاتا ہے۔ جس سے بچے کی اُردو نہ صرف بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کو اردو قواعد کی پہچان بھی ہوجاتی ہے۔
ساتھی مصوری
بچوں میں فنون لطیفہ کے اہم رکن مصوری میں مہارت پیدا کرنے کے لیے مصوری کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
جس میں بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اُن کی تخلیقات شائع کی جاتی ہیں