اس تجربے میں گندگی پھیلنے کی وجہ سے امی کی ڈانٹ پڑ سکتی ہے۔ اس لیے اسے شروع کرنے سے پہلے کچھ اخبارات بچھالیں۔
یہ اشیا استعمال ہوں گی :
٭ ڈھکن کے ساتھ شیشے کا ایک جار
٭ ایک کرنی(trowel)
٭ مٹی
٭ پرانے اخبارات
٭ پانی
یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ فلٹر کیا کام کرتا ہے۔ ٹھیک کہہ رہے ہیں آپ کہ فلٹر پانی صاف کرتا ہے۔ پانی کا فلٹر تو آپ نے دیکھا ہے لیکن ہم جو فلٹر بنانے جارہے ہیں وہ آپ نے نہیں دیکھا ہوگا۔ اب آپ ہمارے ساتھ ایک ایسا فلٹر بنائیں گے جو مٹی کو صفائی کے ساتھ مختلف اقسام کے ذرًات میں علیحدہ کرنے کا کام کرتا ہے۔
۱۔ سوال یہ ہے کہ اب کیا کرنا ہے؟ ارے بھئی کرنا یہ ہے کہ کرنی کو استعمال کرنا ہے۔ کرنی سے شیشے کے جار میں اتنی مٹی ڈالیں کہ اس کا آدھا حصہ بھر جائے۔۲۔ اب شیشے کے جار میں اوپر تک پانی بھر دیں۔۳۔ پانی بھرنے کے بعد جار کا ڈھکن مضبوطی سے بند کردیں۔اب جار کو اچھی طرح سے ہلائیں۔ اب کرنا ہے آپ کو سب سے مشکل کام یعنی انتظار…. ایک گھنٹہ انتظار کریں تاکہ مٹی کا مرکب حل ہو جائے۔ لیجیے انتظا ر کے بعد نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔
ایسا کیوں ہوا؟
جب مٹی کا مرکب حل ہوگا تویہ خود بخود مختلف تہوں میں علیحدہ ہو جائے گا۔ اب آپ دیکھ سکیں گے کہ مٹی کتنے مختلف ذرًات سے مل کر بنتی ہے۔مٹی کی کئی اقسام ہوتی ہیں۔ یہ اقسام مختلف ذرًات کی حامل ہوتی ہیں۔ چکنی مٹی ریتیلی مٹی کے مقابلے میں زیادہ بھاری ہوتی ہے۔ آپ نے جو تجربہ کیا ہے اس میں آپ مٹی، بجری، ریت، اور کائی کو علیحدہ ہوتا ہوا دیکھیں گے۔