ساتھیو….آج ہم آپ کو سمندری کشتیوں سے ملوائیں گے ۔کشتیاں پانی کے سفر کے لیے استعمال کی جاتی ہیں جنھیں انجن، بادبان یا چپو کی مدد سے چلایا جاتا ہے۔ کشتیاں سمندری جہازوں سے چھوٹی ہوتی ہیں جن کی لمبائی زیادہ سے زیادہ 20 میٹر تک ہوتی ہے۔
بڑی کشتیاں عموماً ماہی گیری، سامان کی ترسیل اور سفرکے کام آتی ہیں جبکہ چھوٹی کشتیاں عموماً مقابلوں اور تفریح کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
بادبانی کشتی ہوا کی مدد سے چلتی ہے اور ہر سمت میں سفر کرسکتی ہے، مگر مختلف رفتار سے۔ ہوا کی سمت میں سفر کرنے سے کشتی تیز رفتار حاصل کرسکتی ہے جبکہ ہوا کے مخالف سفر میں کشتی کی رفتار کم ہوگی۔
کشتی بان کے لیے سب سے اہم چیز بادبان کارخ صحیح رکھنا ہوتا ہے تاکہ کشتی درست سمت میں بھی جائے اور زیادہ سے زیادہ رفتار بھی پکڑ سکے۔ بادبان کو رسی کی مدد سے قابو میں رکھا جاتا ہے جبکہ کشتی کی سمت متعین کرنے کے لیے ٹِلر(Tiller ) کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ پتوار (Rudder) کشتی کو متعین سمت میں لے جاسکے۔
ڈیزائن
کشتی کا ڈیزائن اس کے استعمال کو دیکھ کر بنایا جاتا ہے۔ جان بچاو کشتیاں زیادہ سفر کو تیری سے پورا کرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں اور ان میں ہلکا میٹریل جیسے المونیم استعمال کیا جاتا ہے۔
قدیم مصر میں درختوں کی چھال کو ایک ساتھ باندھ کر کشتیاں بنائی جاتی تھیں۔
کوریکل (Coracle) ایک قسم کی کشتی ہے جس کے فریم کو چمڑے سے ڈھکا جاتا ہے۔
کشتی کے مختلف حصے
کیل (Keel) کشتی کا نچلا حصہ ہے جو اس کی فریم سے ذرا باہر کی طرف نکلا ہوتا ہے۔ یہ کشتی کو پانی میں سہارا دیے رکھتا ہے تاکہ وہ لہروں کے ٹکرانے سے ڈوب نہ جائے۔ ہُل (Hull)، باہری فریم عموماً لکڑی، پلاسٹک یا فائبر کا بنایا جاتا ہے جو مضبوط اور وزن میں ہلکا ہوتا ہے۔ کشتی کا اگلا حصہ بو ( Bow) عموماً نوکیلا بنایا جاتا ہے تاکہ وہ پانی کو کاٹ کر کشتی کو آگے بڑھا سکے۔
جنک (Junk) روایتی چینی طرز کی کشتی ہے اور آج بھی استعمال کی جاتی ہے۔
کیٹا مران (Catamaran) کا ڈیزائن دو فریم پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ مقابلوں میں استعمال ہوتی ہے۔