خامی
جگر مراد آبادی کے کسی شعر کی تعریف کرتے ہوئے کسی من چلے نے کہا: ”حضرت! آپ کے فلاں شعر کو میں نے ایک ہجوم میں پڑھا اور میں پٹنے سے بال بال بچا۔“
جگر صاحب نے ہنستے ہوئے کہا: ”عزیزم!اس شعر میں ضرور کوئی خامی ہوگی ورنہ آپ ضرور پٹتے۔“
٭….٭
مصور
عاقل: ”میں ایک ایسے مصور کو جانتا ہوں جس نے مکڑی کا جالا اس خوبصورتی سے بنایاکہ نوکر اسے دو گھنٹے صاف کرنے کی کوشش کرتے رہے۔“
حمید: ”بھئی مجھے یقین نہیں آتا۔“
عاقل: ”کیوں نہیں، ہوتے ہیں دنیا میں ایسے مصور….“
حمید: ”یقینا ایسے مصور گزرے ہوں گے لیکن ایسے نوکر کہاں….!“
٭….٭
سعادت مند
کسی نے ایک بار مجاز سے پوچھا:” کیوں صاحب؟ آپ کے والدین آپ کی بے اعتدالیوں پر کچھ اعتراض نہیں کرتے؟“
مجاز:” جی نہیں۔“
صاحب: ”کیوں؟“
مجاز:” لوگوں کی اولاد سعادت مند ہوتی ہے، لیکن خوش قسمتی سے میرے والدین سعادت مند ہیں۔“
٭….٭
امیدوار کا عملی مظاہرہ
ٹائپسٹ کی ملازمت کے لیے امیدوار کا انتخاب ہورہا تھا۔ ایک امیدوار سے انٹرویو کرنے والے نے پوچھا۔
انٹرویوور: ”آپ ٹائپنگ کے علاوہ اور کیا کام جانتے ہیں؟“
امید وار:” مذاق کرنا۔“
انٹرویوور: ”کیا آپ اس کا عملی مظاہرہ کرنا پسند کریں گے؟“
امیدوار: ”جی، کیوں نہیں“
امید وار نے یہ کہا اور دفتر کے باہر آکر لائن لگا کر بیٹھنے والے دیگر امیدواروں سے کہا: ”آپ سب جا سکتے ہیں کیونکہ میرا انتخاب کیا جا چکا ہے۔“
٭….٭
انگلیاں
اردو ادیبوں کے ایک محفل میں مولوی عبد الحق کے پہلو میں بیٹھے ہوئے ایک صاحب کھانا کھاتے ہوئے اپنی انگلیاں چاٹنے لگے، جب وہ چاٹ چکے تو مولوی صاحب نے اپنا ہاتھ بڑھاتے ہوئے ان سے کہا: ”اب اِنھیں بھی صاف کردیں۔“
٭….٭
دو ادیب
پہلا ادیب: ”اس قوم کا اللہ ہی حافظ ہے۔“
دوسرا ادیب: ”کیوں کیا ہوا؟“
پہلا ادیب: ”غضب خدا کا، میں نے تحریریں چوری کرنے کی مذمت میں ایک تحریر چھپوائی ، کسی نے وہی تحریر چوری کر کے اپنے نام سے کسی دوسرے رسالے میں چھپوالی۔“
٭….٭
قوتِ فیصلہ
ایک ادیب: ”میں فیصلہ نہیں کر پا رہاکہ مجھے یہ مضمون لکھنا چاہیے یا نہیں، ایک اخبار والے نے مجھ سے یہ مضمون لکھنے کو کہا ہے۔“
دوسرا ادیب: ”مضمون کا عنوان کیا ہے؟“
پہلا ادیب: ”اپنی قوتِ فیصلہ بڑھائیں۔“
٭….٭
تفتیشی افسر
ایک صحافی نے واردات کی جگہ پہ پہنچ کر تفتیشی افسر سے سوال کیا: ”آپ کو ملزمان کے سلسلے میں کس حد تک کامیابی ہوئی؟“
تفتیشی افسر: ”جی ہاں،ہم اس معاملے میں مکمل کامیابی حاصل کر چکے ہیں، ہم نے یہ پتا لگایا ہے کہ چند نامعلوم افراد، ایک نامعلوم کار میں نامعلوم جگہ سے آئے اور ایک نامعلوم جگہ کی طرف روانہ ہوگئے۔“
٭….٭
صحافی کے سوال
ایک صحافی نے ایک سابق فوجی کا انٹرویو لیتے ہوئے سوال کیا: ”آپ کو یہ زخم کیسے آئے؟“
فوجی بولا: ”جنگ کے دوران ایک بم میرے قریب آ گرا تھا۔“
صحافی: ”تو کیا وہ بم پھٹ گیا؟“
فوجی (چڑ کر): ”نہیں، اس نے گھر تک میرا پیچھا کیا اور کاٹ کر بھاگ گیا!“
٭….٭
پالش
ایک دفعہ ترکی کے صدر اپنے جوتے پالش کر رہے تھے کہ ان کے ایک قریبی دوست ان سے ملنے آئے اور جوتے پالش کرتے دیکھ کر سوال کیا: ”صدر صاحب! آپ اپنے جوتے پالش کر رہے ہیں!“
صدر نے برجستہ سوال کیا: ”تو آپ کس کے جو تے پالش کرتے ہیں؟“
٭….٭
دکان
ایک دوکاندار دو خواتین سے قیمت پر بحث کر رہا تھا، ایک خاتون نے کہا : ”بھائی کچھ تو کم کریں ہم ہمیشہ آپ سے ہی چیزیں خریدتے ہیں۔“
دوکاندار کہنے لگا:”باجی خدا کا خوف کریں، آج صبح ہی نئی دکان کھولی ہے۔“
٭….٭
قحط
ایک موٹا آدمی دبلے سے:”جب کوئی غیر ملکی تمھیں دیکھے گا تو وہ سمجھے گاکہ ہمارے ملک میں قحط پڑا ہوا ہے۔“
دبلے آدمی نے جواب دیا :”اور جب وہ تمھیں دیکھے گا تو وہ اس کی وجہ سمجھ جاے گا۔“
٭….٭
آج کل کا بچہ
بچہ ماں سے:”ماں! مجھے جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جاﺅ۔“
ماں: ”کیوں بیٹا؟“
بچہ: روز صبح مرغے کی طرح اٹھتا ہوں، گھوڑے کی طرح بھاگ بھاگ کر اسکول جاتاہوں، گدھے کی طرح کام کرتا ہوں اور گھر آکر بلی کی طرح سوجاتا ہوں۔“
٭….٭
ٹکٹ
ایک صاحب ٹرین میں بلا ٹکٹ سفر کر رہے تھے، ٹکٹ چیکر جب بھی ان سے ٹکٹ کے متعلق پوچھتا تو وہ نماز شروع کردیتے، بالآخر ٹکٹ چیکر نے چھپ کر ان کی نماز ختم ہونے کا انتظار کیا، جیسے ہی وہ نماز پڑھ چکے تو وہ ان کی طرف لپکا،ان صاحب نے فوراََ نیت باندھی:”نیت ہزار رکعت نماز کی، اللہ اکبر۔“
٭….٭
جان بچائی
احمد اپنے دوست اویس سے کہنے لگا: ”آج میں نے ایک فقیر کی جان بچا کر ثواب کمایا“
اویس نے پوچھا: ”وہ کیسے؟“
احمد نے بتایا:” میں نے فقیر سے کہا کہ اگر میں تمھیں پانچ سو روپے کا نوٹ دوں تو تمھاری کیا حالت ہوگی؟ تو اس نے کہا کہ میں خوشی سے مر جاﺅں گا، تو میں نے اس کو پانچ سو روپے کا نوٹ دکھا کر واپس رکھ لیا۔“
٭….٭
بیزار
ایک موٹا آدمی اپنی زندگی سے بیزار ہوگیا، اس خودکشی کے لیے چھت سے چھلانگ لگا دی، جب اسے ہوش آیا تو وہ ہسپتال کے بیڈ پر لیٹا ہوا تھا،خود کو زندہ پاکر ڈاکٹر سے رجوع کیا: ”کیا میں بچ گیا؟“
ڈاکٹر: ”جی، آپ تو بچ گئے لیکن آپ کو بچانے والے پانچ لوگ مر گئے۔“
٭….٭
گدھا
کسی شخص کا گدھا گم ہوگیا، وہ بہت خوش تھا، کسی نے اس سے پوچھا:”تمھارا گدھا گم ہو گیا ہے اور تم خوش ہو رہے ہو؟“
وہ شخص کہنے لگا:”اسی لیے تو خوش ہورہا ہوں کہ میں گدھے پر نہیں تھا ورنہ میں بھی گم ہوجاتا۔“
٭….٭
عقل مند
ایک آدمی نے کسی دیوار پر لکھا ہوا پڑھا: ”لکھنے والا عقل مند اور پڑھنے والا بیوقوف۔“
اس نے غصے میں آکر اس عبارت کو مٹایا اور لکھ دیا:”لکھنے والا بیوقوف اور پڑھنے والا عقل مند۔“
٭….٭
درد
دو آدمی ریڈیو پر موسیقی سن رہے تھے، ایک کہنے لگا: ”کیا درد بھری آواز ہے!“
دوسرے آدمی نے جواب دیا: ”واقعی، اسے سن کر میرے سر میں درد شروع ہوگیا ہے۔“
٭….٭