خط

ایک آدمی نے اپنے دوست کو خط لکھا۔ یار تمھاری لکھائی بہت خراب ہے۔
تمھارا خط میں نے ڈاکٹر کو پڑھوایا تو وہ بھی نہ پڑھ سکا۔
دوست کا جواب آیا: ”تمھارا خط میں نے ایک حکیم کو پڑھنے کے لیے دیا تو اس نے آدھ سیر خمیرہ ، تین پاﺅ معجون اور ایک چھٹانک اسپغول دے دیا۔
٭….٭

سیاستدان کا جواب

ایک معروف سیاستدان کے منہ سے نکل گیا کہ ایک بار ہرن کے شکار کے دوران انھوں نے گولی چلائی تو گولی ہرن کے کھر میں لگنے کے بعد سر سے نکل گئی۔ اینکر پرسن معترض ہوئے کہ یہ ناممکن ہے کہ گولی کُھر میں لگنے کے بعد سر سے نکلے۔ مذکورہ سیاستدان پہلے تو سٹپٹائے پھر گویا ہوئے کہ ہم جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو آپ لوگ ہمارا میڈیا ٹرائل شروع کردیتے ہیں۔ اینکر نے کہا جناب! یہ تو کوئی میڈیا ٹرائل نہیں ہے؟ تو انھوں نے یہ بتا کر اینکر پرسن کے چودہ طبق روشن کردیے کہ جب انھوں نے گولی چلائی تو ہرن اپنے کھر سے سر کھجا رہا تھا۔
٭….٭

بھکاری کی صدا

ایک خستہ حال دروازے کے سامنے بھکاری نے صدا لگائی: ”بھیا کچھ کھانے کو ملے گا بابا بھوکا ہے۔“
گھر سے کوئی آواز نہ آئی۔ بھکاری دوبارہ عاجزانہ گویا ہوا۔ ”بھیا بابا روٹی بھی کھالیتا ہے، چاول بھی کھالیتا ہے، برگر بھی کھالیتا ہے۔“
ایک دم گھر سے کڑک دار اور مردانہ آواز آئی۔
”بابا جوتا بھی کھالیتا ہے۔“
”نہیں بھیا ،بابا کو سخت غذا کھانا منع ہے۔“ بھکاری نے جواب دیا۔
٭….٭

جن کا بچہ

ایک دفعہ ایک چھوٹا جن ایک بچے کے پاس آیا اور اسے ڈرانے لگا۔
بچے نے معصومیت سے پوچھا: ” تم کون ہو؟“
”میں جن کا بچہ ہوں۔“
بچے نے فوراً جواب دیا: ”اچھا تو مسجد سے تمھارا ہی اعلان ہورہا تھا کہ جن کا بچہ ہے وہ آکر لے جائیں۔“
٭….٭

کپاس

آدمی: ”یہ کس چیز کا کھیت ہے؟“
کسان: ”کپاس کا، اس سے کپڑے بنتے ہیں۔“
آدمی: ”اچھا تو ان میں سے شلوار کا پودا کون سا ہے؟“
٭….٭

ڈاکٹراور مریض

ڈاکٹرنے مریض کو دیکھ کر کہا۔ ” یہ مر چکا ہے۔“
تھوری دیر بعد مریض نے آنکھیں کھولیں اور پانی مانگا۔گھر والوں نے کہا۔
” آنکھےں بند رکھو اور اٹھنے کی کوشش نہ کرو۔ کیا تم ڈاکٹر سے زیادہ جانتے ہو؟“
٭….٭

موسم

ایک دیہاتی لندن سے واپس آیا۔ لوگوں نے پوچھا۔ ”وہاں کا موسم کیسا تھا؟“
” موسم کا کیا پتا لگتا۔ ہر وقت بادل چھائے رہتے اور بارش ہوتی رہتی تھی۔“ دیہاتی نے جواب دیا۔
٭….٭

سوراخ

ایک دیہاتی کو شہر کے ایک ہوٹل میں ملازمت مل گئی۔ اس کو ہوٹل کی نمک دانیوں میں نمک بھرنے کا کام سونپا گیا۔ لیکن شام کو مالک یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ سارے دن میں اس نے صرف ایک نمک دانی بھری تھی۔مالک نے ڈانٹنا شروع کر دیا۔ ” میں کیا کروں سرکار…. ان کے تو سوراخ ہی اتنے چھوٹے ہیں کہ نمک اندر جاتا ہی نہیں۔ “ دیہاتی نے ڈرتے ہوئے جواب دیا۔
٭….٭

سکہ

ایک ہمسائی: ”کیا ہو ا بہن اتنی پریشان کیوں ہو؟“
دوسری ہمسائی: ”منے نے ایک روپے کا سکہ نگل لیا ہے۔“
پہلی بولی: ”نگلنے دو آج کل ایک پیسے کا آتا ہی کیا ہے؟“
٭….٭

بھائی

شیخ چلی کا گدھا مرگیا تو وہ رونے لگا۔ محلے کے شریر لڑکے بھی ان کی نقل کرنے لگے۔ کچھ بڑوں نے لڑکوں کو ڈانٹا کہ تم لوگ کیوں رو رہے ہو؟
شیخ چلی نے کہا: ”ان کورونے دو، مرحوم ان کا بھائی تھا۔“
کومل فاطمہ اللہ بخش، لیاری ٹاﺅن، کراچی۔
٭….٭

ٹیلے فون

ڈاکٹر نے نیا کلینک کھولا، کچھ دیر بعد ایک آدمی آیا۔ ڈاکٹر نے اپنے آپ کو مصروف ظاہر کرنے کے لیے فون کان سے لگا یا اور بات کرنے لگا۔ فارغ ہونے کے بعد آدمی سے بولا: ”جی کیا کام ہے؟“
آدمی: ”جی میں محکمہ ٹیلے فون سے آیا ہوں آپ کا فون ٹھیک کرنے۔“
٭….٭

گداگر

ایک صاحب نے گداگر کو ڈانٹتے ہوئے کہا: ”گھر گھر جاکر بھیک مانگتے ہوئے شرم نہیں آتی۔“
”کیا کروں میرے گھر آکر کوئی دیتا ہی نہیں۔“ گداگر نے جواب دیا۔
٭….٭

ہار مانی؟

ایک دوست دوسرے سے: ”ایک گدھا دو گز کی رسی سے بندھا ہوا ہے اور چھہ گز کے فاصلے پر گھاس پڑی ہے، بتاﺅ گدھا گھاس کیسے کھائے گا؟ ….ہار مانی؟“
دوسرا دوست: ”ہار مانی۔“
پہلا دوست: ”گدھے نے بھی ہار مان لی تھی۔“
٭….٭

قل ھو اللہ

ایک مرتبہ حضرت اکبر الہ آبادی کے ایک دوست نے اُنھیں ایک ٹوپی دکھائی جس پر قل ھو اللہ کڑھا ہوا تھا، آپ نے دیکھتے ہی فرمایا: ”بھئی بہت عمدہ، کسی دعوت میں کھانا ملنے میں دیر ہوجائے تو یہ ٹوپی پہن لیا کرو، سب سمجھ جائیںگے کہ انتڑیاں قل ھو اللہ پڑھ رہی ہیں۔“
٭….٭

خالو

اکبر الہ آبادی دلی میں خواجہ حسن نظامی کے ہاں مہمان تھے، سب لوگ کھانا کھانے لگے تو آلو ترکاری اکبر کو بہت پسند آئی۔ اُنھوں نے خواجہ صاحب کی دختر حور بانو سے (جو کھانا کھلارہی تھی) پوچھاکہ بڑے اچھے آلو ہیں، کہاں سے آئے ہیںاس نے جواب دیا کہ میرے خالو بازار سے لائے ہیں۔ اس پر اکبر نے فی البدیہہ شعر پڑھا:
لائے ہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کے بازار سے آلو اچھے
اس میں کوئی شک نہیں ہیں حور کے خالو اچھے
٭….٭

صاف گوئی

گاہک ہوٹل کے منیجر سے (غصے میں): ”ایک گھنٹہ ہوگیا ہے انتظار کرتے ہوئے، ابھی تک کھانا نہیں آیا، اتنی دیر لگتی ہے پکانے میں؟“
مینجر:”نہیں جناب، صرف گرم ہو رہا ہے، پک تو پچھلی جمعرات کو ہی گیا تھا۔“
٭….٭

پاپ سنگر

ایک پاپ سنگر کو ایک صاحب نے اپنے گھر گانا گانے کے لیے بلایا۔ سنگر نے بڑے انداز سے پوچھا :”سب سے پہلے کون سا گانا سناﺅں؟“
ان صاحب نے جواب دیا: ”کوئی بھی سنا دو، ہمیں تو ساتھ والا مکان خالی کرانا ہے۔“
٭….٭

اظہارِ تشکر

ایک بڑے اخبار کے ایڈیٹر کو ایک روز مندرجہ ذیل خط موصول ہوا۔
محترم ایڈیٹر صاحب!
آج مجھے اندازہ ہوا ہے کہ اخبار واقعی ایک بہت بڑی طاقت ہے۔ چند دن پہلے میری ایک گھڑی گم ہو گئی تھی جو قیمتی بھی تھی اور میری نظر میں اس کی بہت خاص جذباتی اہمیت بھی تھی۔ میں نے آپ کے اخبار میں ”تلاشِ گمشدہ“ کا اشتہار دیا۔ اشتہار چھپنے کے دوسرے ہی دن میں دفتر سے گھر پہنچا تو گھڑی مجھے باتھ روم میں لٹکی ہوئی پتلون کی جیب سے مل گئی۔ آپ کے اخبار میں اشتہار چھپنے کا واقعی بہت اثر ہے۔ اللہ آپ کے اخبار کو مزید ترقی عطا فرماے۔
والسلام
پروفیسر کمال احمد زوال
٭….٭

مزید پڑھیے