بزمِ ساتھی اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں کی ایک سوسائٹی ہے جو پاکستان کی سطح پر قائم ’’اسلامک سوسائٹی آف چلڈرن ہابیز‘‘ کے تحت سندھ بھر میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی قابلیت کو پروان چڑھانے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتی ہے۔

بزمِ ساتھی کے مقاصد

٭ بچوں میں اپنی ذمہ داریوں سے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنا۔
٭ مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا۔
٭ عملی زندگی میں پیش آنے والے مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا۔
٭ بچوں میں شعور بیدار کرنا تاکہ وہ جدید معاشرے میں اپنا مقام بنا سکیں۔

درج بالا صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اسلامی اصولوں کے مطابق بچوں کی رہنمائی کرنا۔

ان تمام مقاصد کو پورا کرنے کے لیے بزم ساتھی سمر کیمپ، شاہین کیمپ، پکنک، کھیل، اسٹڈی ٹور، ٹیلنٹ ایوارڈز، چلڈرن ایکسپو، کوئز مقابلے، فجر کلب اور دیگر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے، طلبہ کی خاصی بڑی تعداد ان سرگرمیوں کا حصہ بنتی ہے۔ شاہین کیمپس ایک طرف بچوں میں قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ کا ذریعہ بنتے ہیں تو دوسری طرف مختلف کھیل جسمانی سرگرمیوں کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح نماز کارڈ اور شب بیداریاں بھی بچوں کی تربیت کا اہم ذریعہ بنتی ہیں۔ اسکول کی سطح سے لے کر گلی محلے تک بزمِ ساتھی کے رجسٹرڈ ممبرز اور شاہینوں کی تعداد آج ہزاروں میں ہے۔

بزمِ ساتھی اپنی بزم میں شامل بچوں کو دین و دنیا میں کامیاب زندگی کے لیے یہ نصب العین پیش کرتی ہے۔

٭ اسلام و پاکستان سے محبت کرنا۔
٭ نماز با جماعت ادا کرنے کی پابندی کرنا۔
٭ تعلیمی میدان میں محنت کرکے آگے بڑھنا۔
٭ اساتذہ ووالدین کی فرمانبرداری کرنا۔
٭ اسلام و پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنا۔
٭ نیک بننا اور نیکی کو پھیلانا۔

اگر آپ ان باتوں پرعمل کرنے کے لیے تیار ہیں تو آپ بھی بزمِ ساتھی کا حصہ بن کر اس کی سرگرمیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔

شاہین کیمپ

بچوں میں تخلیقی و قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے شاہین کیمپس بزم ساتھی کی ایک بہترین سرگرمی ہے۔ جن میں بچوں کو اپنی شخصیت میں چھپی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انھیں استعمال کرنے کا موقع بھی ملتا ہے، جو مستقبل میں ان کے لیے بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ اس کومنعقد کرانے کے لیے بالعموم کسی پرفضا مقام یا کھلی جگہ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جہاں بچے کیمپنگ ، نشید نائٹ، کیمپ فائر، تقریری مقابلوں ، کھیل، کراٹے اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہر دور کے بچوں کے لیے شاہین کیمپ میں گزارے گئے لمحات ان کی یادوں کا ایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔

نماز کارڈ

بچوں کو نماز کا پابند بنانے کے لیے نماز کارڈ فراہم کیا جاتا ہے۔ جس کے تحت ہر پندرہ روز کے بعد ایک چھوٹی سی تقریب میں نماز کارڈ کے ریکارڈ کے مطابق انھیں مختلف انعامات سے نوازا جاتا ہے۔

ٹیلنٹ ایوارڈ

ہر سال امتحانات کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس سرگرمی کا انعقاد اسکول اور رہائشی دونوں سطح پر ہوتا ہے۔