عالم اسلام کی یہ خوبصورت مسجد برونائی کے دارلحکومت بندر سری بیگوان میں واقع ہے۔ اپنی خصوصیت کے باعث یہ مسجد برونائی کی پہچان سمجھی جاتی ہے اور اپنے اپنے فن تعمیر اور حسن کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا خصوصی مرکز بھی ہے۔ یہ مسجد برونائی کے 28 ویں سلطان سے موسوم ہے جس کی تعمیر 1958ءمیں مکمل ہوئی۔ مخصوص اسلامی طرزِ تعمیر کی حامل یہ مسجد مغل اور مالے فن تعمیر کا بہترین شاہکار ہے۔مسجد کا اندرونی صحن نماز کے لیے مختص ہے۔ صحن کی کھڑکیوں میں رنگ برنگی شیشہ استعمال کیا گیا ہے جس سے گزر کر روشنی صحن کا حسن دو بالا کر دیتی ہے۔مسجد کی تعمیر ایک مصنوعی تالاب پر کی گئی ہے جس کے سامنے ایک کشتی نما پُل بھی بنایا گیا ہے جہاں سے تالاب کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔مسجد سطح زمین سے 52 میٹر بلند تعمیر کی گئی ہے اوراپنی اونچائی کے باعث شہر کے ہر کونے سے دیکھی جاسکتی ہے۔ مسجد کا ایک گنبد ہے جس پر سونے کی پرت چڑھائی گئی ہے جبکہ میناروں پر سنگِ مر مر سے کام کیا گیا ہے۔مسجد کی تزئین و آرائش میں استعمال ہونے والا سارا سامان بیرونِ ملک سے در آمد کیا گیا ہے۔مسجد کے میناروں میں برقی سیڑھیاں نسب کی گئی ہیں ۔میناروں سے شہر کا حسین منظر قابل دید ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں تقریباً 8 ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئی ہے۔